کورونا کے حملوں میں تیزی،مزید 85 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک(اسلام آباد): کورونا کی دوسری لہر کے وار جاری ملک بھرمیں کورونا وائرس سے ایک دن میں 85 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ اب تک مجموعی طور پر 9 ہزار سے زائد افراد اس جان لیوا وبا کے باعث زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 435 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 64 لاکھ 82 ہزار 889 ہوگئی ہے۔

کورونا کی مریضوں کی تعداد؟
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 152 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 67 ہزار 222 ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات مسترد کردیئے

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ8 ہزار514 ، پنجاب میں ایک لاکھ 34 ہزار 345، خیبر پختونخوا میں 56 ہزار 544، اسلام آباد میں 36 ہزار 844، بلوچستان میں 18 ہزار 028، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 103 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 844 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 38 ہزار 511ہوگئی ہے۔ جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

مزید پڑھیں:  نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امیر مقام کا دورہ کرغزستان ملتوی

صحت یاب مریضوں کی تعداد
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں ایک ہزار 824 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 18 ہزار 958 ہوگئی ہے۔

کورونا سے جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 85 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 9 ہزار 753 ہوگئی ہے۔