images 65

آج کے دن 73 سال قبل بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر کے لوگوں پر زبردستی قبضہ کیا۔ وزیراعظم

ویب ڈیسک (اسلام آباد): کشمیر پر بھارتی قبضے کے 73 سال مکمل ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے کشمیری عوام کو انصاف ملنے تک ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر اور یوم سیاہ پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ دن بھارتی غیرقانونی قبضے کی مذمت کرنے کے لیے منا رہے ہیں، آج کے دن ہم کشمیری عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کررہے ہیں، یوم یکجہتی کشمیر انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کو اجاگر کرتا ہے،

آج کے دن 73 سال قبل بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر کے لوگوں پر زبردستی قبضہ کیا، عمران خان نے کہا کہ آج کے دن بھارتی افواج کشمیری عوام کو زبردستی محکوم بنانے سری نگر پہنچی، جموں و کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی قبضہ ایک بین الاقوامی تنازع ہے اور اس تنازع کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں میں ہے، سات دہائیوں سے جاری مظالم کے باوجود بھارت کشمیری عوام کا عزم توڑنے میں ناکام ہے، وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان ریاستی دہشت گردی، بے گناہ کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل، آزادی اظہار رائے پر پابندیوں میں ملوث ہے، جعلی مقابلوں، حراست میں تشدد اور موات ، کشمیری قیادت کی نظربندیوں کے واقعات کی دنیا گواہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پیلٹ گنوں کا استعمال اور مکانات کو نذر آتش کررہی ہے، عالمی برادری گواہ ہے کہ بھارت ہر حربہ آزما کر بھی کشمیری عوام کے خود ارادیت کی جدوجہد کو ختم کرنے میں ناکام ہے،

مزید پڑھیں:  سٹاک ایکس چینج میں تیزی برقرار، 100 انڈیکس 72 ہزار پوائنٹس کی حد عبور

عمران خان نے کہا کہ بھارت کی یک طرفہ کارروائیاں آر ایس ایس سے متاثر ہندوتوا سوچ کی عکاسی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے اور 5 اگست کے یک طرفہ اقدام نے ‘ہندوتوا’ نظریہ کو بے نقاب کیا، ہندوتوا نظریے اور اکھنڈ بھارت ڈیزائن کا امتزاج علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے، وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازع کی بین الاقوامی قانونی حیثیت اقوام متحدہ کی قراردادوں میں شامل ہے، ممبر ممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تعمیل کو یقینی بنائے، عالمی برادری ہندوستان کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش سے روکے ہیں،

مزید پڑھیں:  پاکستان نے انسانی حقوق سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کردی

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع کے پرامن حل کے لیے کام کرے، یہ واحد راستہ ہے جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنا سکتا ہے، پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا، اور حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔