خیبرپختونخوا میں دو مرحلوں پر مشتمل انسداد پولیو مہم کا آغاز

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں دو مرحلوں پر مشتمل انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے بچے کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلا کر صوبے میں پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں انسداد پولیو مہم دو مرحلوں میں چلائی جارہی ہے۔
پہلا مرحلہ 3 مئی تک ہو گا جس میں 14 مکمل اضلاع اور 8 جزوی اضلاع میں انسداد پولیو مہم چلائی جارہی ہے۔
دوسرے مرحلے میں 2 مئی سے 6 مئی تک پانچ اضلاع میں انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔
محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں مہمات کے دوران 44 لاکھ 23 ہزار سے زائد 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائینگے۔
دو مرحلوں پر محیط انسداد پولیو مہم کیلئے 21 ہزار ٹیمیں اور 33 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 2023 میں 4 جبکہ امسال کوئی بھی پولیو کیس سامنے نہیں آیا۔
صوبائِ وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ 5 سال سے کم عمر بچوں کے والدین سے خصوصی درخواست ہے کہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچائیں اور بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچاو کے قطرے ضرور پلائیں۔

مزید پڑھیں:  چارسدہ : فریقین میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق،8شدید زخمی