پولیو خاتمے کیلئے صوبائی حکومت نئے عزم کے ساتھ کام کررہی ہے،علی امین گنڈا پور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت ایک نئے عزم کے ساتھ کام کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو اورسائیٹ بورڈ کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ،وفد کی قیادت پولیو اورسائیٹ بورڈ کے ڈاکٹر کرسٹوفر الیئیس کر رہے تھے۔
وفد میں عالمی ادارہ صحت اور یونیسف سمیت دیگر عالمی شراکت دار اداروں کے نمائندے شامل تھے۔
صوبائی وزیر صحت، اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن کے حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں خیبر پختونخوا سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے اقدامات، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غوروخوص اور پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے مل جل کر مربوط اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیاگیا ۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس کا خاتمہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں،ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کا سہرا موجودہ صوبائی حکومت کے سر سجے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے موجودہ صوبائی حکومت ایک نئے عزم کے ساتھ کام کررہی ہے، صوبائی حکومت اس سلسلے میں شراکت دار اداروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،پولیو کے خاتمے کے لئے شراکت دار ادارے اگر ایک قدم لیں گے تو صوبائی حکومت تین قدم لے گی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری والدین کو آگہی دینے کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لئے مقامی منتخب عوامی نمائندوں، علمائے کرام اور علاقہ عمائدین کی خدمات سے استفادہ کریں گے،منتخب عوامی نمائندے بھی اپنے اپنے علاقوں میں پولیو مہم کا حصہ بنیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے صوبے کے حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی،حساس علاقوں میں مقامی انتظامیہ اور شراکت دار اداروں کی باہمی مشاورت اور کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ہر علاقے کے مخصوص حالات کے مطابق لائحہ عمل دے کر اس پر عملدرآمد کرنے سے بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے دیگر اقدامات کے ساتھ سیوریج نظام کو مکمل طور پر انڈر گراونڈ کرنے کی ضرورت ہے ۔
ملاقات کے دوران وفد نے خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے وزیر اعلی کے قائدانہ کردار کی تعریف کی۔

مزید پڑھیں:  اسلام کے مارگلہ پہاڑوں پر لگی آگ ہوا کے ساتھ شدت اختیار کر گئی