او آئی سی اجلاس

او آئی سی اجلاس:پاکستان کاخودمختارفلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ

ویب ڈیسک: پاکستان نے او آئی سی اجلاس کے دوران خود مختار فلسطینی ریاست اور اقوام متحدہ میں اس کی مکمل رکنیت کیلئے حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے غیر مشروط جنگ بندی پر زوردیا ہے ۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا گیمبیا میں او آئی سی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا اوآئی سی کا سربراہی اجلاس ایک نازک وقت پر منعقد ہو رہا ہے، دنیا بالخصوص امت مسلمہ کو بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، او آئی سی کو متحد اور مربوط جواب دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھاغزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کیخلاف اسرائیل کے حملوں کے سیاہ سائے میں ہو رہا ہے،35 ہزار سے زائد فلسطینی شہری، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، مارے جا چکے ہیں،اسرائیل کی اندھا دھند بمباری سے 20 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے، جان بوجھ کر انسانی امداد سے انکار کیا جا رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کیلئے پاکستان کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی ممالک غزہ میں جنگ بندی اور بلاتعطل انسانی امداد کیلئے مل کر کام کریں، ہم خود مختار فلسطینی ریاست اور اقوام متحدہ میں اس کی مکمل رکنیت کیلئے حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، او آئی سی مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق ایکشن پلان پر عملدرآمد کرے۔
انہوں نے اسلامو فوبیا اور مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کی جانب سے اسلامو فوبیا پر خصوصی ایلچی کی تقرری قابل ستائش ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا بھارتی رہنماؤں کے پاکستان مخالف بیانات سے علاقائی استحکام کو خطرہ ہے، پاکستان کو بیرونی اسپانسرڈ دہشت گردی کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں:  سوات میں شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی کو قتل کردیا