افغانستان میں ایدھی سروس

افغانستان میں ایدھی سروس کا فیصلہ، 3 سنٹر کھولنے کا اعلان

افغانستان حکومت عبدالستار ایدھی فائونڈیشن انٹر نیشنل کو کابل ،جلال آباد اور طور خم کے علاوہ دیگر اضلاع میں ایدھی سنٹروں کے قیام کیلئے سرکاری طور پر جگہ الاٹ کرنے اور افغانستان کے کسی بھی علاقہ سے تشویشناک مریضوں کو پشاور یا دیگر علاقوں کے ہسپتالوں میں بروقت علاج کی غرض سے باسانی منتقل کرنے کے لئے خصوصی پاس جاری کر ے گی تاکہ طور خم میں مریضوں کو درپیش مشکلات و پریشانیوں کو ختم کرنے میں مدد مل سکے اس امر کا اعلان افغانستان کے وزیر صحت ڈاکٹر قلندر بخش نے ایدھی فائونڈیشن پاکستان ویلفیئر ونگ کے چیئرمین سعد فیصل ایدھی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا ۔

وفد میں ایدھی فائونڈیشن خیبر پختونخوا پشاور سرکل کے انچارج شیر گل خان ،قاضی خضر اور زوہیب شامل تھے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے پر کام کرنے پر گفتگو کی گئی وزیر صحت ڈاکٹر قلندر بخش نے عبدالستار ایدھی فائونڈیشن کی جانب سے سینکڑوں متاثر ین میں راشن کی تقسیم اور دیگر خدمات کی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایدھی فائونڈیشن پہلے سے بڑھ کر افغانستان میں انسانی بحران سے دوچار افغان عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کردار ادا کرے گا اس سلسلے افغان حکومت بھر پور تعاون کرے گی انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی پاکستان کے دورہ پر آئے تو ایدھی فائونڈیشن کے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ کریں گے ملاقات کے دوران سعد فیصل ایدھی نے وزیر صحت ڈاکٹر قلندر بخش کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فائونڈیشن افغانستان میں صحت کے شعبہ میں کام کرنے کی دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ افغانستان میں انسانی بحران ہے جس پر دو طرفہ کام کی ضرورت ہے افغان حکومت کابل ،جلال آباد کے ہسپتالوں میں ویل چیئر،سٹریچرز،بیڈز،اور میڈیکل و سرجیکل آلات کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے انہیں فہرست فراہم کرے ایدھی فائونڈیشن تمام آلات و سامان وافر تعداد میں فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں:  ترکیہ میں پاکستان کی سرجڑی بہنوں کا کامیاب آپریشن
مزید پڑھیں:  عوام کا سمندر کل لاہور سے ٹکرائے گا، حکومت راستہ روکنے کی حماقت نہ کرے

انہوں نے طور خم ،کابل اور جلال آباد میں مزید 3ایدھی سنٹر کھولنے کا اعلان کیا اور مزید کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ اور افغانستان حکومت کی مدد سے ایک ایسا میکنزم تیار کرے گا جس کے بعد کابل ،جلال آباد اور دیگر علاقوں سے تشویشناک مریضوں کی دستاویزات تیار کر کے پاکستان کے ہسپتالوں میں بغیر کسی رکاوٹ کے پہنچانے میں مدد ملے گی ،سعد ایدھی نے کابل ،جلال آباداور طور خم سمیت دیگر اضلاع میں بھی ایدھی سنٹر کھولنے اور ان میں جدید سامان سے لیس ایمبولنسز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔