عمران خان تھریٹ الرٹ

عمران خان کے حوالے سے تھریٹ الرٹ میں نامزد ”کوچی” سامنے آگیا

ویب ڈیسک :سابق وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے جاری تھریٹ الرٹ میں نامزد کوچی سامنے آگیا۔ تاجراور کوچی قبیلے کے سربراہ نور رحمان کوچی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی اورکہاکہ 18 جون کوخیبرپختونخواحکومت نے میرے نام سے تھریٹ لیٹر جاری کیا اور خط میں لکھا میں عمران خان کو قتل کرنا چاہتاہوں۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے اٹھوایاگیا، تفتیش کی اور پھر گھر پر چھوڑ دیا۔ نور رحمان کوچی کا کہنا تھاکہ مراد سعید نے پریس کانفرنس میں میرا نام لیا، مجھے افغانی کہا، مرادسعیدنے4 نومبرکومجھ پرالزامات لگائے کہ میں افغانی اورسرغنہ ہوں، میں مرادسعیدسے کبھی نہیں ملا،میرے پاس انکی کوئی ویڈیوزنہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں 40 سال سے پاکستان میں رہ رہاہوں۔ اسلام آباد کا رہائشی ہوں اور 15 بچے ہیں، میرا افغانستان میں کاروبار ہے، پاکستان کی معیشت میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے متعلق تھریٹ لیٹر میری فیملی کیلئے خطرہ ہے، میں تاجر ہوں، اپنے قبیلے کا سربراہ ہوں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ مجھ سے متعلق تفتیش کرے، حکومت تحفظ فراہم کرے۔
نور رحمان کا کہنا تھاکہ میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، میرے خلاف کوئی ثبوت ہے تو سامنے لے آئیں، تھریٹ الرٹ میں کہاگیاکوچی نام کاشخص عمران خان کوقتل کرناچاہتاہے، مجھے جواب دیا جائے میرے خلاف یہ تھریٹ الرٹ کس نے جاری کیا؟ خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان نے 18 جون کو اپنی ٹوئٹ میں کہا تھاکہ اطلاع ہے کہ کچھ لوگوں نے افغانستان میں موجود کوچی نامی دہشت گرد کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو قتل کرنے کی سپاری دی ہے۔

مزید پڑھیں:  مجوزہ آئینی ترامیم کےخلاف سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر