حزب اللہ پر جوابی کارروائی

نیتن یاہو نے حزب اللہ پر جوابی کارروائی کا عندیہ دیدیا

ویب ڈیسک: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حزب اللہ پر جوابی کارروائی کا عندیہ دیدیا، ان کی جانب سے جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کا دورہ مختصر کرکے جلد اپنے ملک پہنچ کر سب سے پہلے حزب اللہ پر جوابی کارروائی کا حکم دوں گا، اور اس آپریشن کی نگرانی بھی میں خود ہی کروں گا۔
ذرائع کے مطابق اسرائیل کے زیر قبضہ علاقے گولان میں فٹبال کے میدان پر اُس وقت راکٹس کی برسات کی گئی جب وہاں اسرائیلی بچے بڑی تعداد میں جمع تھے۔
اس حوالے سے یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ بچے کیوں وہاں جمع تھے، وہاں فٹبال گراؤنڈ میں کوئی میچ ہو رہا تھا یا اتنی بڑی تعداد میں والدین اور بچے کسی اور تقریب کے لیے جمع تھے۔ تاہم میزائل کے اس واقعے پر آپے سے باہر نیتن یاہو نے حزب اللہ پر جوابی کارروائی کا عندیہ دیدیا۔
اسرائیل کی جانب سے الزام لگایا جا رہا ہے کہ یہ راکٹس حزب اللہ نے لبنان سے داغے تھے تاہم حزب اللہ نے صیہونیوں کے الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی حملہ نہیں کیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق فٹبال گراؤنڈ پر راکٹ حملے میں 11 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے ہیں۔ ان میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔
ڈینیئل ہگاری نے اس واقعے پر حزب اللہ کو تیار رہنے کی دھمکی دی ہے۔ ساتھ میں سخت ردعمل دینے کا بھی کہا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان حزب اللہ نے واضح کیا کہ اسرائیل حملے کا جواز گڑھنے کے لیے حزب اللہ پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔ فٹبال گراؤنڈ پر راکٹ حملہ حزب اللہ نے نہیں کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے دھمکی دی کہ وہ حزب اللہ کے خلاف جوابی کارروائی کا حکم دیں گے اور اس پر عمل درآمد کی نگرانی بھی خود کریں گے۔
یاد رہے کہ غزہ کا پورا انفراسٹرکچر تباہ و برباد کرنے کے بعد اب اسرائیل دیگر ممالک پر چڑھائی کے بہانے تراشنے لگا ہے حالانکہ دورہ امریکہ کے دوران انہیں انتہائی خفت کا سامنا رہا، نائب امریکی صدر کملا ہیرس سمیت سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فوری جنگ بندی کیلئے اسرائیل کو دو ٹوک جواب دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  چیئرمین شپ سے مجھے ہٹانے والوں کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، بیرسٹر گوہر