پی ٹی آئی نظرثانی اپیل

پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )نے تین لیگی امیدواروں کی کامیابی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے شبلی فراز اور رؤف حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ٹریبونل میں پٹیشنز پینڈنگ تھیں، یہ فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ گنتی کی آڑمیں ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کیا جارہا ہے،سپریم کورٹ کو چاہئے تھا کہ الیکشن کمیشن کے رول کو دیکھتی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا (ن)لیگ کے ایم این ایز کی بحالی کا فیصلہ درست نہیں ہے، اس فیصلے پر ہمیں شدید تحفظات ہیں، ایکسٹینشن کی آڑمیں ایسا کرنے والوں کو بنگلادیش سے سبق سیکھنا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشااللہ خلق خدا بولے گی، تحریک انصاف کیخلاف سازشیں کرنے والے سارے ناکام ہوں گے، ہمارا مطالبہ ہے اگلے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف بہت سازشیں ہوئیں، ایم این اے نے حلف لے لیا، اسے ریورس کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ آج کا فیصلہ 8فروری کا ایک تسلسل ہے، عوام فارم 47 والوں کو مسترد کرچکی ہے، مصنوعی طریقے سے ن لیگ کی اکثریت بنائی گئی، نوٹیفکیشن جاری کرنے میں عیاری کا مظاہرہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 60 کے قریب دوبارہ گنتی کی درخواستیں دی ہیں، اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا، مسلم لیگ ن کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلہ کر دیا گیا، ایسے اقدامات سے تو پارلیمنٹ برائے نام رہ گئی ہے۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ ہم نے تین انٹرا پارٹی الیکشن کروائے اور کہا گیا ٹھیک نہیں ہوئے، الیکشن کمیشن آف پاکستان بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔
اس موقع پر رؤف حسن نے کہا کہ ہم نے باربارکہا چیف جسٹس آف پاکستان ہمارے کیسز کو نہ سنیں۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ، حامد سواتی نے برٹش ٹائٹل فائٹ جیت لی