غزہ میں مزید 59 فلسطینی شہید

اسرائیلی ظلم و بربریت زوروں پر، غزہ میں مزید 59 فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: جنگ بندی مذاکرات کے فوری بعد اسرائیلی افواج کی جانب سے ظلم و ستم کا بازار گرم ہو گیا ہے۔ صیہونیوں کی سنگ دلانہ کارروائیوں کے دوران غزہ میں مزید 59 فلسطینی شہید ہو گئے۔ ان کارروائیوں میں درجنوں زخمی بھِی ہوئے ہیں جن میں بچے اور خواتین سب سے زیادہ ہیں۔
اسرائیلی ظلم و بربریت میں جنگ بندی مذاکرات اور انٹونی بلنکن کے ناکام دورہ کے بعد تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ اس کے برعکس اسرائیلی مذاکرات کار جنگ بندی مذاکرات کے اگلے دور کے لیے قاہرہ بھی پہنچ گئے ہیں، جہاں مصر اور غزہ سرحد کے معاملے پر بات چیت متوقع ہے۔
اس صورتحال میں‌بھی صیہونیوں نے زمینی و ہوائی ہر دو جانب سے گولہ بارود برسانے کس سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس سے غزہ میں مزید 59 فلسطینی شہید جبکہ بچوں اور خواتین سمیت درجنوں زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے دیر البلح اور خان یونس میں اپنی کارروائیوں کو وسعت دیدی ہے، اس علاقے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہاں ایک ملین بے گھر افراد پناہ لئے ہوئے تھے۔
ظالم اسرائیلی افواج نے ان بے یار و مددگار فلسطینیوں کو یہاں دھمکیاں دینے کے بعد شہر کے نصف سے زیادہ علاقے کو خالی کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ کی پٹی میں بھی پرتشدد حملے کئے۔
فلسطین کے علاقوں خان یونس اور دیر البلاح میں اسرائیلی افواج کی وخشیانہ کارروائیاں تیز تر ہوتی جا رہی ہیں، صیہونی بمباری میں مزید 12 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
غزہ میں خونیں وارداتیں کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیلی افواج خان یونس اور دیر البلاح میں اپنی زمینی کارروائی کو وسعت دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی UNRWA کا کہنا ہے کہ غزہ کے بچوں کو اس ماہ کے آخر میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا شروع کر دیئَے جائیں گے، کیونکہ اس بیماری کے پھیلنے کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار 277 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 93 ہزار کی حد عبور کر گئی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے ٹیلیفونک رابطہ کے دوران نیتن یاہو کو فوری غزہ جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل غزہ اور مصر کو الگ کرنے والی تنگ سرحدی پٹی فلاڈیلفی کوریڈور کے ساتھ بین الاقوامی فورس تعینات کرنے پر رضامندی پر غور کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  سٹاک ایکسچینج میں مندی، 81ہزار122 پوائنٹس کی حد برقرار