مالی بحران بلدیاتی فنڈز

مالی بحران،بلدیاتی نمائندوں کی ترقیاتی فنڈز کی امیدیں ختم

ویب ڈیسک : شدید مالی بحران کی شکار خیبر پختونخوا حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈز سے متعلق لگائی گئی امیدیں ختم کرنے کا مشورہ دیدیا ہے اور تلقین کی ہے کہ وہ عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دیں تاکہ شہریوں کے ساتھ رابطہ بحال رکھا جا سکے صوبائی حکومت مالی مشکلات کم ہونے پر 5ارب روپے تک فنڈز جاری کرنے کی کوشش کرے گی تاہم وہ بھی یقینی نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں منتخب نمائندوں نے گلہ کیا کہ دسمبر میں انتخاب ہونے کے 10ماہ بعد بھی ایک پائی ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کئے گئے ہیں رواں مالی سال میں 42ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ مختص تو کیا گیا تاہم جاری نہ ہوسکا ترقیاتی فنڈز نہ ہونے سے بلدیاتی نمائندوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہ شہریوں کے بنیادی مسائل بھی حل نہیں کرپا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام نے انہیں بتایا کہ صوبے کے اپنے جاری اخراجات پورے کرنے کیلئے فنڈز نہیں ہے۔ بلدیاتی نمائندوں کو کہاں سے ترقیاتی فنڈز جاری کریں؟ محکمہ بلدیات یہ معاملہ محکمہ خزانہ کے ساتھ کئی بار اٹھا چکا ہے تاہم محکمہ خزانہ موجودہ وسائل میں یہ رقم جاری نہیں کر سکتا اگر مستقبل میں حالات بہتر ہوئے تو پورے صوبے کے بلدیاتی نمائندوں کو 5ارب روپے جاری کردئیے جائیں گے تاہم وہ بھی یقینی نہیں ہے اس رقم سے ٹی ایم ایز اپنے خسارے قابو کرنے میں مدد حاصل کر سکے گی ۔

مزید پڑھیں:  سونے کی قیمت میں 800 روپے اضافہ، تولہ 2 لاکھ 68 ہزار 500 روپے کا ہو گیا