وزیراعظم شہباز شریف یکم نومبر کو چین روانہ ہوں گے

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف چین کے دورے پر کل روانہ ہو رہے ہیں، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے، اعلی سطحی وفد بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہو گا۔
وزیراعظم شہباز شریف چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی کی چیانگ کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ازبکستان میں 16 ستمبر 2022 کو ملاقات ہوئی تھی۔
کمیونسٹ پارٹی چین کی بیسویں نیشنل کانگریس کے تاریخی انعقاد اور صدر شی جن پنگ کے تیسری بار جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف چین کا دورہ کرنے والے اولین راہنماؤں میں شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات کریںگے، دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، دونوں وفود سٹرٹیجک کوآپریشن پارٹنرشپ کا جائزہ لیں گے، ملاقاتوں اور اجلاسوں میں علاقائی اور عالمی سطح پر صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔

مزید پڑھیں:  سعودی عرب :رواں سال حاجیوں کیلئے اہم شرط عائد
مزید پڑھیں:  ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کینگروز سکواڈ کا اعلان، مچل مارش کپتان مقرر

وزیراعظم شہبازشریف کے دورے سے پاک چین کے درمیان وسیع تر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے پر پیش رفت متوقع ہے، مفاہمت کی متعدد یاداشتوں اور معاہدات پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے، دورے سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔