بجلی سے محروم کوہستان میں فائنل میچ کے لیے ریڈیو کا زمانہ لوٹ آیا

بجلی سے محروم کوہستان میں فائنل میچ کے لیے ریڈیو کا زمانہ لوٹ آیا

ویب ڈیسک :ٹی20ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان کی ٹیم نے مضبوط انگلینڈ کے خلاف زبردست مقابلہ کیا اور دنیا بھر میں پاکستانی شائقین نے میچ دیکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے تھے جہاں شہروں میں بڑی اسکرینوں کے انتظامات کیے گئے۔خیبرپختونخوا کے علاقے اپر کوہستان کے بجلی سے محروم شہری جدید دور کی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ فائنل ریڈیو سے نشر ہونے والے رواں تبصرے کے ذریعے سن رہے تھے۔
اپر کوہستان کا منی پاور اسٹیشن حالیہ بدترین بارشوں کے بعد آنیوالے سیلاب میں تباہ ہوگیا تھا اور شہری تاحال بجلی سے محروم ہیں، اسی لیے وہ پاک-انگلینڈ فائنل میں تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے لیے پرانے ریڈیو نظام سے مستفید ہونے پر مجبور ہوئے۔دوبیر بالا میں شہریوں نے ریڈیو پر کمنٹری سننے کے لیے انتظامات کیے تھے جہاں گروپ کی شکل میں لوگ موجود تھے۔اپرکوہستان میں استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے جاوید خان نے بتایا کہ انہوں نے سولر پینل کے ذریعے ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل ٹی وی میں دیکھنے کی کوشش کی تھی لیکن بدقسمتی سے خراب موسم کی وجہ سے سولر پینل مثر نہیں ہوا اور ٹی وی آن نہیں ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے فائنل کی کمنٹری سننے کے لیے اپنے ریڈیو باہر نکالے جائیں۔دوبیر بالا کے شہری عبدالتواب بھی ریڈیو سے کمنٹری سننے والے گروپ میں بیٹھے تھے اور اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کزنز ہیں اور ہمارے پاس میچ کے بارے میں فوری معلومات حاصل کرنے کا کوئی اور چارہ نہیں تھا، اسی لیے ریڈیو نکال لیے اور میچ کی کمنٹری سنی۔ان کا کہنا تھا کہ وہ پورے میچ سے محظوظ ہوئے لیکن بدقسمتی سے ہماری ٹیم چمپیئن نہ بن سکی اور انگلینڈ جیت گیا۔

مزید پڑھیں:  پشاور کے مضافاتی علاقوں میں ڈینگی کے وار تیز‘ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ