ترکئی خاندان میں اختلافات ختم

ترکئی خاندان میں اختلافات ختم کرنے کیلئے جر گہ تشکیل

ویب ڈیسک :معرو ف ترکئی خاندان کے مابین سیاسی اختلافات ختم کرنے کیلئے گرینڈ جر گہ تشکیل دیدیا گیا۔ جر گہ نے دونوں خاندانوں کیساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں اور انہیں میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی اور تقریر کرنے پر پابندی لگا دی۔اراکین جر گہ چیئر مین ڈی آر سی آفسر خان ،اراکین حاجی امت خان جدون ، سید قاسم باچا ، محمد رشا، کشور زمان ، سہیل احمد ، سلیم علی زئی ، فضل حسین ، اکبر علی ، عمر گل ، سلیم اکبر ، غنی محمد، گل نثار ، نفیس الرحمن اور دیگر نے دونوں خاندانوں کیساتھ راضی نامے کے حوالے سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اراکین جر گہ نے سابق ایم این اے عثمان ترکئی، حاجی بلندا قبال ترکئی اور حکم خان کے حجرے میں جا کر ملاقات کی۔
اس موقع پر بلند اقبال ترکئی نے جر گہ کو مکمل اختیار دیتے ہوئے کہا کہ ہم پختون ہیں اور پختون روایات اور جر گہ کی قدر کر تے ہیں جبکہ بعد ازاں اراکین جر گہ نے ترکئی ہائوس میں سینیٹر لیاقت خان کے صاحبزادے اور صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کے بھائی فیصل خان ترکئی اور ان کے چچا ولایت خان ترکئی کیساتھ بھی ملاقات کی۔ انہوں نے جر گہ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس سلسلے میں بہت جلد سینیٹر لیاقت خان ترکئی اور ایم پی اے محمد علی خان ترکئی کے ساتھ اجلاس ہو گاجس میں دونوں خاندان کے مابین راضی نامے کے حوالے سے موقف پیش کیا جائیگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شاہ زیب شہید ڈگری کالج شیوہ کے افتتاح کے موقع پر ایم این اے عثمان خان ترکئی ، حاجی بلند اقبال ترکئی اور شہرام خان ترکئی کے خاندانوں کے مابین افتتاح کے حوالے سے اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے۔ بعد ازاں سیاسی اختلافات نے شدت اختیار کر لی۔

مزید پڑھیں:  مجوزہ آئینی ترامیم سامنے آگئیں ،چیف جسٹس کی تقرری وزیراعظم کریں گے