آزادی مارچ پختونخوا

آزادی مارچ کیلئے پختونخواسے لاکھوں لوگ آج راولپنڈی کارخ کریںگے،محمودخان

ویب ڈیسک :وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کیلئے خیبرپختونخوا سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ راولپنڈی کا رخ کریں گے تاکہ ملک پر مسلط شدہ امپورٹڈ ٹولے سے چھٹکارا حاصل کرکے پاکستان کو حقیقی معنوں میں آزاد اور خودمختار بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان جس مقصد کیلئے آزاد ہوا تھا، 75 برس گزرنے کے باوجود ہم اس مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے اور اس مقصد کیلئے ہر طبقے اور مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کی جنگ ہو یا جمہوریت کے استحکام کی جدوجہد، نظام میں تبدیلی کی تحریک ہو یا صوبے کے حقوق کا دفاع ، خیبرپختونخوا کے عوام نے ہر مرحلے اور ہر جدوجہد میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔ اب کی بار بھی حقیقی آزادی کے حصول کے لئے لاکھوں کی تعداد میں لوگ آزادی مارچ میں شریک ہوں گے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکمران جو مرضی کر لیں، یہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترمیم کیلئے نمبر گیم، ساری نظریں مولانا فضل الرحمن پر مرکوز