سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کا بل

سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کا بل صوبائی اسمبلی سے منظور

ویب ڈیسک :صوبائی حکومت نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے حوالے سے بل کی کثرت رائے سے منظوری دیدی ہے نئی ترامیم کے تحت صوبائی حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹریا جہاز اب نجی مقاصد کیلئے کرایہ پر بھی دیا جاسکے گا جبکہ نجی مقاصد کیلئے کرایہ پر ہیلی کاپٹر کے استعمال کیلئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے اجازت لینا ہوگی اس طرح نجی مقاصد کیلئے ہیلی کاپٹریاجہاز کے کرایہ کا تعین بھی حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔ قانون کے تحت وزیر اعلی،وزراء اور سرکاری افسران ضرورت کی بنیادپر اپنے معاونین کے علاوہ دیگر افراد کوبھی ہوائی سفرپر ساتھ لے جانے کے مجاز ہوں گے ترمیم کے تحت یکم نومبر 2008 سے اب تک سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال درست اور قانونی تصور ہوگا ۔
بل کے مطابق یکم نومبر 2008 کے بعد سے ہیلی کاپٹر کے استعمال پر صوبائی حکومت سے کوئی سوال نہیں ہوگا۔اس دوران اپوزیشن کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی اور اس ترمیم کوپشاورہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کااعلان کردیا ہے ۔صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے کہاکہ ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق ابھی تک رولز نہیں بنائے گئے تھے اس لئے 2008 سے اب تک ہیلی کاپٹر کے استعمال کو قانونی تحفظ دیا گیا۔ اس دوران ایم پی اے خوشدل خان نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ہیلی کاپٹر کے استعمال کے بل کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ۔ایم پی اے عنایت اللہ نے کہاکہ جماعت اسلامی ہیلی کاپٹر کے اس قانون کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرے گی ۔

مزید پڑھیں:  غیر قانونی بھرتیاں: پرویز الٰہی کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم عائد نہ ہوسکی