حلقہ بندیاں تبدیل نہ ہوئیں

حلقہ بندیاں تبدیل نہ ہوئیں تو حکومت سے علیحدہ ہو سکتے ہیں، ایم کیو ایم کی دھمکی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 15 جنوری سے پہلے کراچی، حیدر آباد کی از سر نو حلقہ بندیاں کی جائیں، حلقہ بندیاں تبدیل نہ ہوئیں تو حکومت سے علیحدہ ہو سکتے ہیں۔
ویب ڈیسک: کراچی میں ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کے غیر سنجیدہ رویے اور حلقہ بندیوں کے خلاف احتجاج کیا جائےگا اور وفاق کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرنے سمیت سخت مؤقف اختیار کیا جائےگا۔
رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم وعدے پورے کریں، تحفظات دور کریں ، ورنہ احتجاج پر مجبور ہوں گے، وزیراعظم ایک دو دن میں بتادیں جو وعدے کیے تھے وہ پورے ہوں گے یانہیں، بتائيں ہمارے وعدوں کا کیا بنا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی بھی ہم کہہ رہے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات تاخیر سے ہو رہے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں پری پول رگنگ ہو چکی، پری پول رگنگ ختم کرنے کیلئے سڑکوں پر آئینگے، حلقہ بندیاں تبدیل نہ ہوئیں اور یہی صورتحال رہی تو فیصلہ کریں گے حکومت میں رہیں یاعلیحدہ الیکشن لڑیں، وزیراعظم ضمانت پرقائم نہیں تو ہم فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم نے اس صورت حال میں فیصلہ کرنا ہےکہ حکومت کے ساتھ رہ کر الیکشن لڑيں گے یا باہر رہ کر، اب صبرکرنا مشکل ہوتا جارہا ہے، پیپلز پارٹی سے معاہدے میں ہمارا نکتہ ہی یہ تھاکہ موجودہ بلدیاتی حلقہ بندیاں درست نہیں، ان سے پری پول رگنگ واضح ہے ، 15جنوری سے پہلےکراچی اور حیدرآ بادکی از سرنو حلقہ بندیاں کی جائیں۔

مزید پڑھیں:  دیر لوئر میں چیتے نکل آئے، عوام میں خوف پھیل گیا، ویڈیو وائرل