ذاتی معلومات کاتحفظ،نادرا نے نئی سروس”اجازت آپ کی،متعارف کرادی

ویب ڈیسک:نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا)نے شہریوں کی ذاتی معلومات کے یقینی تحفظ کیلئے نئی سروس ”اجازت آپ کی”متعارف کرا دی جس کے تحت شناختی کارڈ کی تصدیق اب متعلقہ شہری کی رضامندی کے بعد کی جائے گی۔ اس جدید ترین سروس بدولت شناختی کارڈ کی تصدیق متعلقہ شہری کی رضامندی کے بعد کی جائے گی اور اس طرح شہری کا حساس ڈیٹا ہمہ وقت مکمل طور پر محفوظ رہے گا۔ نئی سروس کی بدولت اب یہ شہریوں کی ذاتی اور خاندانی معلومات صحیح معنوں میں شہریوں کی اپنی ملکیت بن جائے گی اور بلااجازت رسائی ناممکن ہو گئی ہے
جو بلاشبہ ایک شاندار اقدام ہے۔نئی سروس کے اجرا کے موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ شہریوں سے رضامندی کے حصول کا یہ ڈیجیٹل نظام ان کی پرائیویسی کو محفوظ رکھنے اور ڈیٹا سیکیورٹی کو مستحکم بنانے کے لیے ہمارے وژن کا آئینہ دار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ کا ڈیٹا آپ کی ذاتی جائیداد کی مانند ہے اور اب آپ اس تک رسائی کی اجازت دینے یا نہ دینے کے معاملے میں مکمل طور پر خودمختار ہیں اور اسے غلط استعمال سے روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔چیئرمین نادرا نے کہا کہ ہم ایک ایسی دنیا کی جانب بڑھ رہے ہیں جس میں لوگوں کا ڈیٹا ان کے اپنے خلاف استعمال ہو سکتا ہے
لہٰذا ہم شہریوں کے ڈیٹا کی ملکیت ان کے اپنے ہاتھ میں دے رہے ہیں اور اسے اپنی مرضی سے استعمال کرنے کا اختیار دے رہے ہیں، شہریوں کا ڈیٹا برائے فروخت نہیں بلکہ ایک قیمتی اثاثہ ہے جس کا تحفظ نادرا کی اولین ترجیح ہے۔ چیئرمین نادرا نے کہا کہ مارچ سے شناختی معلومات کی تصدیق کی تمام کارروائیوں میں ایک 6 ہندسہ پاس کوڈ متعلقہ شہری کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر بھجوایا جائے گا اور معلومات کی فراہمی کے لیے اس کی رضامندی حاصل کی جائے گی۔ جن شہریوں کے موبائل نمبر نادرا کے پاس رجسٹرڈ نہیں، ان کے اندراج کے لیے نادرا نے ایک ایس ایم ایس سروس 8009 شروع کی ہے۔چیئرمین نادرا طارق ملک نے بتایا کہ شہری اپنے موبائل نمبر کی رجسٹریشن کے لیے اپنا 13 ہندسوں کا شناختی کارڈ نمبر شارٹ کوڈ 8009 پر ٹیکسٹ میسج کے ذریعے بھجوا سکتے ہیں، جواب میں اندراج مکمل ہونے پر انہیں نادرا کی جانب سے تصدیقی پیغام موصول ہو گا۔

مزید پڑھیں:  کرغزستان: مقامی افراد پاکستانی طلبہ کے ہاسٹل پر دھاوا، متعدد زخمی