پشاور چاول کی قیمتیں

پشاور میں گھی، چاول اور دالوں کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں

ویب ڈیسک:پشاور میںچاول اور دالوں کی قیمتوں کو بریک نہ لگ سکی بلکہ ان کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جبکہ 5کلوگرام گھی کی قیمت بھی ریکارڈ 3000تک پہنچ گئی ہے ۔ چاول اور دالوں کی بڑھتی قیمتیں متوسط طبقہ خصوصا دیہاڑی دار طبقہ کی دسترس سے بھی باہر ہوتی جارہی ہیں جنہوں نے شہریوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے ۔ دوسری جانب رمضان المبارک کی آمد پر ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے بھی کمرکس لی ہے اور قیمتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے ۔ایک طرف گوشت اور مرغی کی قیمتیں بے لگام ہوچکی ہیں تو دوسری طرف چاول اور مختلف قسم کی دالوں میں بھی اضافہ کا سلسلہ جاری ہے اور غریب لوگوں کیلئے اب دالیں بھی خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔
اس وقت مارکیٹ اور بازاروں میں فی کلوگرام ماش کی دال تقریبا440، سیلہ چاول370سے 380،ایک کلو سیلہ ٹوٹا 210،ایک کلوگرام لوبیا 340،موٹے چاول فی کلو140،ثابت مونگ 240اورمسورکی دال فی کلو260میں فروخت کی جارہی ہے ۔ بازار اور مارکیٹوں میں چاول ودالوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر متعلقہ حکام اور افسران کی جانب سے کوئی چیک نہیں ہے جبکہ اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہونے والے سرکاری نرخوں پر بھی عمل نہیں کیاجارہا ہے ۔
شہریوں کے مطابق انہیں مافیازکے رحم وکرم پر چھوڑا گیا ہے ۔ایک ہفتہ قبل ماش کی فی کلو قیمت تقریبا 405تھی جو 440تک پہنچ چکی ہے ۔ اسی طرح لوبیا کی فی کلو قیمت میں بھی مزید اضافہ کیساتھ یہ 340تک پہنچ چکا ہے ۔مارکیٹ میں 5کلوگرام گھی کی قیمتیں بھی کئی گنابڑھ گئی ہیں اور معیاری گھی اب 3000سے 3100 میں فروخت کی جارہی ہے۔ شہریوں کے مطابق گوشت اور مرغی ویسے ہی ان کی دسترس سے باہر ہوچکی ہے لیکن اب چاول و دال کی بڑھتی قیمتوں نے ان کو پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے ۔تاجروں اور دکانداروں کی جانب سے ڈالر کی قدر بڑھنے سمیت پٹرولیم مصنوعات وبجلی کی قیمتوں میں اضافہ کو مہنگائی کی وجہ قراردیاجارہا ہے ۔دوسری جانب رمضان المبارک کا مہینہ بھی قریب ہے جس کے پیش نظر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے ۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کینگروز سکواڈ کا اعلان، مچل مارش کپتان مقرر