پی ٹی آئی ٹکٹ فروخت

عمران نے10سال بعدپی ٹی آئی ٹکٹ فروخت کرنے کااعتراف کرلیا

ویب ڈیسک: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 10سال بعد پارٹی ٹکٹ فروخت ہونے کا اعتراف کرلیا اور یہ بھی وعدہ کر دیا کہ اس بار وہ ٹکٹ خود جاری کریں گے۔ 2013کے عام انتخابات سے قبل ٹکٹ جاری کرنے کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے ٹکٹ کینسل کر دئیے گئے تھے اور دوبارہ کئی حلقوں پر ٹکٹ جاری کئے گئے جس پر کارکنوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ اس وقت سابق سینئر جج جسٹس ( ر) وجیہہ الدین کی رپورٹ میں بھی یہ واضح ہوگیا تھا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ فروخت کئے گئے ہیں تاہم عمران خان نے اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا اور معاملہ رفع دفع کر دیا۔ پارٹی میں اس وقت شدید ردعمل بھی سامنے آیا تھا لیکن عمران خان کے سامنے کسی کو بولنے کی جرات نہیں تھی ۔
اب چیئرمین تحریک انصاف نے خود یہ اعتراف کرلیا ہے کہ پارٹی ٹکٹ فروخت کئے گئے ہیں اور پارٹی ٹکٹ سے پیسہ بنایا گیا ہے جس نے پارٹی کے اندر کئی برس قبل دب جانے والی آوازوں کو دوبارہ سے اٹھنے کا موقع فراہم کیا ہے خیبرپختونخوا میں 2013انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ اس وقت کے مرکزی جنرل سیکرٹری پرویزخٹک، اسد قیصر، شاہ فرمان ، علی امین اور عاطف خان خان کی تجاویز کی روشنی میں تقسیم کئے گئے تھے جبکہ 2018میں پارٹی ٹکٹ سابق وزیر اعلی پرویز خٹک اور اسد قیصر نے مرکز کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے تقسیم کئے تھے عمران خان نے یہ تو تسلیم کرلیا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ فروخت کئے گئے تاہم یہ نہیں بتایا کہ ٹکٹ فروخت کرنے والوں کیخلاف کیا کارروائی کی گئی ہے اور کس نے یہ ٹکٹ فروخت کئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  باجوڑ، پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق