زمان پارک

زمان پارک،شدیدجھڑپیں،شیلنگ،عمران نے احتجاج کی کال دیدی

ویب ڈیسک:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ زمان پارک پہنچ گئی جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامناکرناپڑا۔عمران خان کی گرفتاری کیلئے زمان پارک کے باہر موجود پولیس نے پیش قدمی کی تو پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے پتھرائو کیا، غلیلیں چلائیں، ڈنڈے برسائے ، مارو مارو کے نعرے لگائے۔پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھرائو سے ڈی آئی جی اسلام آباد شہزاد بخاری سمیت 34 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس نے بھی جوابی ایکشن لیا اور کارکنوں پر لاٹھی چارج ، پانی کی توپ سے دھلائی اور شیلنگ کی، کچھ شیل عمران خان کے گھر کے اندر بھی گرے۔تحریک انصاف کے کارکنوں نے پیٹرول بم پھینک کر پولیس کی واٹر کینن کو آگ لگا دی۔
ترجمان پولیس کے مطابق پتھرائو عمران خان کے گھر کی چھت سے کیا گیا، پتھرائو کے باوجود پولیس نے انتہائی اقدام اٹھانے سے گریز کیا، ڈی آئی جی آپریشنزکی جگہ ایس پی رانا حسین طاہر نے چارج سنبھال لیا ہے، ایس ایس پی آپریشنز لاہور شعیب اشرف اور ایس پی سرفراز ورک بھی موقع پرموجود ہیں۔ پولیس کی بکتربندگاڑی بھی زمان پارک پر موجود ہے، ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری بھی عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک میں موجود تھے جو پتھرائو میں زخمی ہوئے۔پولیس نے عمران خان کے گھر کے گیٹ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، پولیس کا کہنا ہے عدالتی حکم کی تعمیل کریں گے، عمران خان کو گرفتار کرنے آئے ہیں، گرفتار کرکے ہی جائیں گے۔صورتحال پر قابو پانے کیلئے رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے جبکہ زمان پارک کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔عمران خان کی گرفتاری کیلئے زمان پارک میں ہونے والے آپریشن کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں نے پشاورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرہ کیا،پشاورمیں پولیس نے کارکنوں کو ریڈ زون میں داخلہ سے روکنے کیلئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جس کے زد میں خواتین کارکنان بھی آگئیں ۔
پشاور کے علاوہ کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، نوشہرہ ، چارسدہ، خیبر، کرم ، اورکزئی، مردان، صوابی، ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں بھی پی ٹی آئی ورکرز نے احتجاجی مظاہرے کئے۔دوسری طرف چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے قتل یا جیل میں ڈال دیا گیا تو عوام نے جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس مجھے پکڑنے اور جیل بھیجنے کے لیے آ گئی ہے، ان کا خیال ہے عمران خان جیل چلا جائے گا تو قوم سو جائے گی، آپ نے ان کو غلط ثابت کرنا ہے ، آپ نے ثابت کرنا ہے کہ آپ زندہ قوم اور نبۖی کی امت ہیں، لا الہ الا اللہ کے نعرے پر بننی والی قوم ہے۔ عمران خان نے کہا کہ آپ نے اپنے حقوق اور حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کرنی ہے اور باہر نکلنا ہے، میں آپ کی جنگ لڑ رہا ہوں ، مجھے کچھ ہوا یا جیل بھیجا گیا یا ماردیتے ہیں تو آپ نے ثابت کرنا ہے کہ عمران خان کے بغیر بھی یہ قوم جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی ساری زندگی جنگ لڑی اور لڑتا رہوں گا، قوم چوروں کی بدترین غلامی اور ایک آدمی جو ملک کے فیصلے کررہا ہے، اسے کبھی قبول نہ کریں، پاکستان زندہ باد۔

مزید پڑھیں:  سوات میں بہو نے ساس کو قتل کردیا،ملزمہ گرفتار