پخہ غلام گھر پر چھاپہ

پخہ غلام،پولیس کاگھرپرچھاپہ،بزرگ شہریوں پرتشدد

ویب ڈیسک:پشاور کے علاقہ شاہ پور میں مثالی پولیس نے رہزن کی گرفتاری کیلئے چھاپہ زنی کے دوران مزاحمت پر بزرگ شہریوں کو تھپڑ رسید کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دھکے دے کر گرا دیا جبکہ پولیس پر گھر کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کا بھی الزام لگایا گیا ہے ۔ ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ادھر پولیس اور شہریوں کے درمیان بدمزگی اور مارپیٹ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس پر شہریوں نے سخت غم و غصہ کا اظہار کیاہے ۔ پولیس ترجمان کے مطابق پخہ غلام چوکی پولیس اور ابابیل سکواڈ کے اہلکاروں نے انتہائی مطلوب رہزن عمران کی گرفتاری کیلئے اس کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں اس کے چچا اور دیگر رشتہ داروں نے مزاحمت کی جس کے بعد مذکورہ واقعہ پیش آیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ تشدد کا شکار بزرگ ریٹائرڈ سکول ٹیچر ہے ۔ ایس ایس پی آپریشنز نے اختیارات سے تجاوز کرنے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے شو کاز نوٹس اور چارج شیٹ جاری کرکے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کرنے جبکہ ایس پی رورل کو انکوائری آفیسر مقرر کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ادھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار دو بزرگ شہریوں سمیت دیگر پر تشدد کر رہے ہیں جبکہ ایک بزرگ کو ہاتھ سے پکڑ کر زمین پر گرا دیتے ہیں۔
موبائل پر ویڈیو بنانے والے کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرکے گھر پر چھاپہ مارا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی سخت غم وغصہ کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایک ہی روزپشاور پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں پر تشدد کی دو ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جس پر پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیاہے۔

مزید پڑھیں:  ایبٹ آباد میں ہم جنس پرستوں کیلئے کلب کھولنے کی اجازت مانگ لی گئی