سمندری طوفان بھارتی گجرات سے ٹکرانے کا عمل مکمل، پاکستان محفوظ رہا

ویب ڈیسک:بحیرہ عرب میں بننے والے انتہائی شدید سمندری طوفان ”بائپر جوائے” نے جمعہ کی رات کے ابتدائی حصے میں بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی پر خشکی کے ٹکرانے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے جاری کردہ بیان کے مطابق شمال مشرقی بحیرہ عرب میں انتہائی شدید سمندری طوفان”بائپر جوائے”نے بھارتی گجرات کے ساحل جکھا بندرگاہ اور ملحقہ پاک-بھارت سرحد کو کیٹی بندر سے 135 کلومیٹر، ٹھٹہ سے 160 کلومیٹر اور کراچی سے 220 کلومیٹر کے فاصلے پر عبور کیا۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ بائپر جوائے نے بھارتی گجرات میں خشکی سے ٹکرانے کا عمل مکمل کیا، پاکستان تیار تھا لیکن بڑی حد تک محفوظ رہا۔انہوں نے بتایا کہ سندھ کے ساحلی علاقے جیسے سجاول سطح سمندر بلند ہونے کی وجہ سے ڈوب گیا تھا لیکن زیادہ تر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے انسانی جانوں کو محفوظ بنانے میں تعاون کرنے والے تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں اسرائیلی ظلم و ستم جاری، مزید 31 فلسطینی شہید