امسال 1 لاکھ 80 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے

ویب ڈیسک: حج کی ادائیگی کیلئے سرکاری سکیم کے تحت حجاج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن آج مکمل ہو رہا ہے۔ سعودی عرب میں گذشتہ روز ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا ہے۔ جس کے مطابق27 جون کو حج ہوگا اور 28 جون کو سعودی عرب میں عید قربان کا اعلان کیا گیا ہے۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حجاج کو وطن واپس لانے کیلئے فلائٹ آپریشن 4 جولائی سے شروع ہو گا۔ واضح رہے کہ سرکاری سکیم کے تحت عازمین حج کو حجازمقدس پہنچانے کیلئے 21 مئی سے فلائٹ آپریشن شروع ہوا تھا جو بغیر کسی وقفے سے آج منگل کے روز تک جاری رہے گا۔
اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ حج آپریشن کے پہلے 17 دن میں تمام عازمین کو براہ راست مدینہ منورہ پہنچایا گیا اور پانچ جون سے مکہ مکرمہ پہنچانے کا آپریشن شروع کیا گیا ہے جو آج مکمل ہو جائے گا۔ سرکاری سکیم روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 26 ہزار عازمین نے سفر کیا ہے۔ امسال حج کے اخراجات زیادہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کر رہے ہیں جبکہ سرکاری سپانسرشپ سکیم کے تحت 75 ہزار افراد فریضہ حج کیلئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا :تحصیل چیئرمینز اور میئرز کی مراعات دوگنی کرنے کا فیصلہ