پاکستان کی معاشی بحالی کا قومی پلان تیار

اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے ہونےو الے اعلی سطح اجلاس میں پاکستان کی ”معاشی بحالی“ کی جامع حکمت عملی جاری کر دی ہے۔ ”اکنامک ریوائیول پلان“ کے عنوان سے تیار کردہ اس قومی حکمت عملی کا مقصد ملک کو درپیش موجودہ معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں غیرملکی سرمایہ کاری کے راستے میں رکاوٹیں دور کرنے کے لئے قائم کردہ سپیشل انوسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے پہلے اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف، وزرائے اعلیٰ، وفاقی اور صوبائی وزراءاور اعلی سرکاری حکامِ نے شرکت کی۔ منصوبے کے تحت زراعت، لائیو سٹاک، معدنیات، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور زرعی پیداوار جیسے شعبوں میں پاکستان کی اصل صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا جبکہ ان شعبوں کے ذریعے پاکستان کی مقامی پیداواری صلاحیت اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری بھی بڑھائی جائےگی۔ منصوبے پر عملدرآمد تیز کرنے کے لئے (ایس آئی ایف سی) بنا دی گئی ہے جو سرمایہ کاروں اور سرمایہ کاری میں سہولت کے لئے ”سنگل ونڈو“ کی سہولت کا کردار ادا کرے گی۔ منصوبے کے تحت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اشتراک عمل پیدا کرنے کے علاوہ طویل اور دقت کا باعث بننے والے دفتری طریقہ کار اور ضابطوں میں کمی لائی جائے گی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے خطاب کرتے ہوئے پلان پر عمل درآمد کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے یاد دلایا کہ موجودہ حکومت کو ورثے میں تباہی کے دھانے پر کھڑی معیشت ملی جسے مشکل اور دلیرانہ فیصلوں کے ذریعے بحرانوں سے نکال کر تعمیر و ترقی کی طرف واپس لا رہے ہیں جبکہ ابھی بہت بڑے چیلنجز ہمارے سامنے ہیں۔ معاشی بحالی کے لئے برآمدات بڑھانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کلیدی اہمیت رکھتی ہے لہذا حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اجتماعی سوچ اپناتے ہوئے موثر عمل درآمد کے لئے وفاق اور صوبوں میں شراکت داری کا انداز اپنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متوقع سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ نوجوانوں اور خواتین کو روزگار ملے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کا حق ہے کہ انہیں معاشی ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کیا جائے، یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

مزید پڑھیں:  بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں 15فیصد اضافے کا امکان