انتخابات پرانی مردم شماری پر کروانے کا فیصلہ نہیں ہوا، شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ انتخابات پرانی مردم شماری پر کروانے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے پارٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں مردم شماری کے حوالے سے تحفظات سمیت ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ الیکشن کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ نگران حکومت سمیت تمام اہم معاملات پر ایم کیو ایم سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا، آئندہ انتخابات پرانی مردم شماری پر کروانے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں کو درست کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے نگران حکومت اور عام انتخابات سے متعلق مشاورتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی نگران حکومت سمیت تمام معاملات پر ایم کیو ایم سے مشاورت کو یقینی بنائے گی، کمیٹی میں ن لیگ سے ایاز صادق، احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق شامل ہیں جبکہ ایم کیو ایم سے کمیٹی کے لیے نام طلب کئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  آرمی چیف کی قومی ہاکی ٹیم سے ملاقات ، کارکردگی کو سراہا