کور کمانڈر ہائوس حملہ، عمران خان قصور وار قرار

ویب ڈیسک: مشترکہ تفتیشی ٹیم (جے آئی ٹی) نے 9 مئی کے واقعات کی تفتیش مکمل کرتے ہوئے رپورٹ تیار کر لی ہے۔ جناح ہائوس حملے کے کیس نمبر 96/23 میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت نامزد ملزموں کو قصور وار قرار دے دیا گیا ہے۔ پولیس تفتیش میں کہا گیا ہے کہ نامزد ملزموں پر جناح ہائوس واقعہ میں منصوبہ بندی اور عمل درآمد ثابت ہو گیا ہے۔ جناح ہائوس حملہ اور 9 مئی کے دیگر واقعات باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کئے گئے ہیں۔ دوران تفتیش ڈیجیٹل شواہد، موبائل ویڈیوز، کلوز سرکٹ فوٹیجز، موبائل رابطے ثابت ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کا جے آئی ٹی کے سامنے دیا گیا بیان شواہد سے متضاد ثابت ہوا۔ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے والے دیگر رہنماوں کے بیانات بھی حقائق کے برعکس ثابت ہوئے۔ پی ٹی آئی رہنمائوں کے بلوائیوں سے رابطے بھی موبائل کال ریکارڈ میں ثابت ہوگئے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما ڈیجیٹل و فرانزک شواہد کے سامنے سوالات کے مناسب جواب نہیں دے سکے۔ مقدمہ نمبر 96/23 کے علاوہ دیگر مقدمات میں بھی پی ٹی آئی قیادت قصور وار پائی گئی۔ دس مقدمات میں نامزد و گرفتار ملزموں کی حساس تنصیبات پر موجودگی جیوفینسنگ رپورٹ میں ثابت ہوئی۔ تمام مقدمات کی تفتیشی رپورٹ جلد عدالت میں پیش کردی جائے گی۔ واضح رہے کہ دہشت گردی سمیت 20 دفعات کے تحت درج مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر، مراد سعید، علی امین گنڈا پور نامزد ملزم ہیں۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا:پنجاب کے کاشتکاروں سے37ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری مکمل