سویڈن کی خصوصی ایلچی

او آئی سی نے سویڈن کی خصوصی ایلچی کی حیثیت معطل کر دی

ویب ڈیسک: اسلامی تعاون تنظیم نے سویڈن کی خصوصی ایلچی کی حیثیت معطل کر دی۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں عراقی سفارت خانے کے سامنے قرآن پاک کے نسخے کو نذرآتش کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
او آئی سی اجلاس میں سویڈن کی خصوصی ایلچی کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور او آئی سی سیکرٹری جنرل نے اس فیصلے سے سویڈن کے وزیر خارجہ کو خط میں آگاہ کر دیا۔ او آئی سی سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ نے اسلامی مقدسات کی خلاف ورزی کے بار بار ہونے والے واقعات پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں مذہبی منافرت، عدم برداشت اور تفریق کو ہوا دیتی ہیں جس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔
سیکرٹری جنرل نے ڈنمارک کی حکومت پر زور دیا کہ وہ ایسی اشتعال انگیز کارروائیوں کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے، او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس کی طرف سے جاری کردہ حتمی اعلامیے میں کہا گیا کہ اس طرح کی اشتعال انگیزیاں شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کے آرٹیکل (19) اور (20) کے خلاف ہیں۔
اجلاس میں شامل تمام ممالک نے مطالبہ کیا کہ کسی ایسے ملک سے تعلق کے سرکاری فریم ورک کا جائزہ لیتے ہوئے ممکنہ اقدامات کیے جائیں جس میں متعلقہ حکام کی رضامندی سے قرآن کریم یا دیگر اسلامی اقدار اور علامات کی بے حرمتی کی گئی ہو، ان میں خصوصی ایلچی کا درجہ معطل کرنا بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں:  عدت میں نکاح کیس، خاور مانیکا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ