کینیڈین وزیراعظم علیحدگی

کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ سے شادی کے 18 سال بعد علیحدگی ہوگئی

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کی اہلیہ صوفی گریگوئر کے درمیان شادی کے 18 سال بعد علیحدگی ہوگئی۔
ویب ڈیسک: غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اہلیہ سے علیحدگی کے بارے میں بتایا جس پر ہر کوئی حیران رہ گیا۔
پوسٹ میں ٹروڈو نے لکھا کہ میں یہ حقیقت بیان کر رہا ہوں کہ بہت معنیٰ خیز اور مشکل گفتگو کے بعد صوفی گریگوائر اور میں نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ صوفی نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایسا ہی پیغام پوسٹ کیا۔
کینیڈین وزیراعظم نے لکھا کہ لیکن ہمیشہ کی طرح ہم گہری محبت اور احترام کے ساتھ ایک خاندان کی طرح رہیں گے، جس طرح ہم نے ہر چیز کیلیے ایک ساتھ بنیاد ڈالی آگے بھی کرتے رہیں گے، بچوں کی بھلائی کیلئے ہم درخواست کرتے ہیں کہ ہماری رازداری کا احترام کیا جائے۔
خیال رہے کہ 51 سالہ جسٹن ٹروڈو اور 48 سالہ صوفی کی شادی مئی 2005 کے آخر میں ہوئی تھی اور دونوں کے 3 بچے ہیں۔
کینیڈین وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے قانونی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، دونوں اپنے بچوں کو محفوظ، محبت بھرے اور باہمی تعاون کے ماحول میں پرورش کے لیے خاندان کے قریبی فرد کی طرح رہیں گے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کی فیملی اگلے ہفتے سے ایک ساتھ چھٹیاں منائی گی۔
رپورٹس کے مطابق 2015 کے آخر میں ٹروڈو کے وزیراعظم بننے کے بعد ٹروڈو اور صوفی کو اکثر سماجی تقریبات اور غیر ملکی دوروں پر ایک ساتھ دیکھا جاتا تھا لیکن حالیہ چند برسوں میں صوفی اپنے شوہر کے ساتھ اس طرح کی تقریبات پر کم کم ہی نظر آتی تھیں۔

مزید پڑھیں:  چین میں بارش سے ہائی وے کا حصہ بہہ گیا،36افراد ہلاک