خواتین کرکٹرز کنٹریکٹ

پی سی بی کا 74 خواتین کرکٹرز کو 11 ماہ کے ڈومیسٹک کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ میں خواتین کرکٹرز کیلئے منفرد اقدام، 74 باصلاحیت خواتین کرکٹرز کو 11 ماہ کے ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیے گئے جو کہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے کہا گیا کہ 74 باصلاحیت کھلاڑیوں میں سے 59 کا تعلق ایمرجنگ اور انڈر 19 کیٹگریز سے ہے جبکہ ان میں شامل 14 کھلاڑی ایسی بھی ہیں جو پہلے ہی سینئر لیول پر پاکستان ویمن ٹیم کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اہم پیشرفت خواتین کرکٹرز کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی جبکہ خواتین کرکٹ سیزن یکم ستمبر سے دوبارہ شروع ہونے والا ہے۔ پی سی بی نے کہا کہ یہ ڈومیسٹک کنٹریکٹس ان کھلاڑیوں کو دیے گئے ہیں جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس، ایمرجنگ ٹورنامنٹس، انڈر 19 ڈومیسٹک ٹورنامنٹ اور آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ورلڈ کپ سمیت مختلف کرکٹ پلیٹ فارمز پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پی سی بی عبوری انتظامی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کہا کہ میں ان 74 خواتین کرکٹرز کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں اور لگن سے یہ کنٹریکٹ حاصل کیے۔

مزید پڑھیں:  ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں غفلت کے مرتکب افسران کی نشاندہی ،رپورٹ وزیراعظم کو پیش