پاک ایران گیس منصوبے پر فیصلہ ملکی مفاد میں کریں گے،اسحاق ڈار

ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن امریکا یا سعودی عرب کے تحفظات ہمارا مسئلہ نہیں، ہر فیصلہ پاکستان کے مفاد میں کریں گے ۔
گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں 15ویں اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے بعد نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گیمیبا میں کئی ممالک کے وفود کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں اور وزیراعظم کی وطن واپسی کے ساتھ ہی سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد پاکستان آیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنے معاملات پر کسی کو ویٹو کی اجازت نہیں دے گا،ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر فیصلہ ملکی مفاد میں کریں گے ۔
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہماری تجویز پر عالمی سطح پر پیش آنے والے اسلاموفوبیا کے واقعات کے حوالے سے نمائندہ خصوصی کا تقرر ہوا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی، بلاامتیاز فورس کا استعمال روکنے اور محصور فلسطینیوں کو انسانی بنیاد پر امداد پہنچانے کے لیے کوششوں کا مطالبہ کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اپنی قرارداد پر عمل درآمد پر زور دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلیوں کی آبادکاری روکنے اور مقامی فلسطینیوں کے اثاثوں پر قبضے سے روکا جائے اور جب تک فلسطین کو 1967 کی سرحد کے مطابق آزاد ریاست تسلیم نہیں کیا جاتا جس کا دارالحکومت القدس نہیں ہوگا تو فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ میرا دوسرا ایجنڈا مسئلہ کشمیر تھا اور تیسرا ایجنڈا عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے واقعات کے خلاف ہم خیال ممالک کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے بات کرنی تھی اور ہماری ٹیم نے اپنی ذمہ داری نبھائی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین حالات پیدا کیے ہیں اور وہاں کے حالات غزہ اور فلسطین سے مختلف نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو قائل کرے کہ وہ 5 اگست 2019 کے یک طرفہ اقدامات واپس لے اور اس کے نتیجے میں کیے گئے اقدامات بھی ختم کرے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر روک دے اور یاسین ملک سمیت تمام کشمیری قیدیوں کو رہا کرے۔

مزید پڑھیں:  بشکیک میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا،اسحاق ڈار