قومی کرکٹرز کو تین سال کیلئےسنٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار قومی کرکٹرز کیلئے تین سال کیلئےسنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ذرائع کےمطابق کنٹریکٹ میں ریڈ بال اور وائٹ بال کی الگ الگ کیٹگریز کو ختم جبکہ کرکٹرز کے ماہانہ معاوضوں میں 127 اور 202 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔
قومی کرکٹرز اور پی سی بی کے مابین طے پا جانے والے معاہدے کے مطابق کھلاڑیوں کو ملنے والے تین سال کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی 2023ء سے 30 جون 2026ء تک ہوگا۔ ریڈ اور وائٹ بال کیٹگریز ختم کرنے کے بعد کھلاڑیوں کو 4 کیٹگریز میں سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 25 کرکٹرز کو دئیے گئے سینٹرل کنٹریکٹس میں آئی سی سی سے ہونیوالی آمدنی کا حصہ بھی شامل ہے۔
اے کیٹگری میں 3 کھلاڑی بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی شامل ہیں اور ان کے کنٹریکٹ میں 202اعشاریہ 2 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
بی کیٹگری میں شامل 6 کرکٹرز میں فخرزمان، حارث روف، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ اور شاداب خان شامل ہیں اور ان کے معاوضے میں 144 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
سی کیٹگری میں 2 کرکٹرزعماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں اور ان کے معاوضے میں 135 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ڈی کیٹگری میں 14 کرکٹرز فہیم اشرف، حسن علی، افتخار احمد، احسان اللہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، شان مسعود، اسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔ ان
کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 127 سے 202 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ پی سی بی کی جانب سےسنٹرل کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کی ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد، ون ڈے میں 25 فیصد اور ٹی 20 میں ساڑھے 12 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 3 سالہ کنٹریکٹ کے دوران ہر 12 مہینے بعد کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  پاکستانی اینی میٹڈ فلم دی گلاس ورکر کی کانز فلم فیسٹیول میں نمائش