ملک میں گندم کی کوئی کمی نہیں،وافر ذخائر موجود ہیں

ویب ڈیسک: وفاقی وزارت غذائی تحفظ وتحقیق نے اپنے اعلامیہ میں واضح کیا ہے کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، پاسکو اور صوبائی محکمہ خوراک نے اپنے سٹاک کو 69 لاکھ 34 ہزار ٹن سٹاک پر رپورٹ کیا ہے جس کی تفصیل کچھ یوں ہے پاسکو 17 لاکھ 80 ہزار ٹن،پنجاب 40 لاکھ 21 ہزار ٹن،سندھ 8 لاکھ 17 ہزار ٹن، خیبر پختونخوا 2 لاکھ 27 ہزار ٹن اور بلوچستان 89 ہزار ٹن جو ملکی ضروریات کے لئے مئی 2024 تک کافی ہے جبکہ نئی فصل مارچ کے آخر میں مارکیٹ آنا شروع ہو جاتی ہے
مزید برآں وفاقی حکومت کے نجی شعبے کو اعتماد دینے کی وجہ سے نجی شعبہ نے درآمد شروع کی ہے، اس وقت تک 7 لاکھ ٹن سے زیادہ گندم ملک میں آچکی ہے جبکہ 12 لاکھ ٹن سے زیادہ مزید گندم درامد کی جائے گی۔ وفاقی حکومت نے نجی شعبے کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے تاکہ گندم کی درآمد کو نئی فصل کے آنے تک یقینی بنایا جا سکے۔حکومت کے ان اقدامات کی وجہ سے طلب اور رسد کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور ملک کے کسی حصے میں گندم کی کوئی کمی نہیں ہے۔
گندم کی قیمتیں جو کہ ایک مہینے پہلے4800 روپے فی من پر تھیں وہ کم ہو کر 4400 سے 4300 روپے فی من پر رپورٹ ہو رہی ہیں۔ گندم کی قیمت میں مزید کمی کے امکانات موجود ہیں جس سے عام آدمی کی مشکلات میں کمی آئے گی اور اس کی قوت خرید بھی بہتر ہوگی۔

مزید پڑھیں:  ہری پور، شوگران روڈ پر حادثہ، طالبہ جاں بحق، 7 افراد زخمی