میانوالی پی اے ایف ٹریننگ ایئربیس پر کلیئرنس آپریشن، 9 دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک: پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ سیکیورتی فورسز نے ناکام بناتے ہوئَے کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاکستان ایئر فورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا اور کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے علی الصبح میانوالی ایئربیس پر حملے کی کوشش کی، ایئربیس پر متعین دستوں نے فوری اور موثر کارروائی کر کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور اس دوران تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ ایئر بیس پر ناکام حملے کے بعد ملحقہ علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔
حملے میں پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا، صرف 3 غیر آپریشنل طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آپریشن کا فوری، پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کیلئے یاددہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:  کرغزستان میں پاکستانیوں کیساتھ کیا جانیوالا سلوک قابل مذمت ہے، مولانا نسیم علی شاہ