لانس نائیک محمد محفوظ شہید

لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کا 52 واں یوم شہادت

ویب ڈیسک: لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کی 52 ویں برسی آج ضلع راولپنڈی کے علاقہ پنڈ ملکاں میں منائی جارہی ہے۔
لانس نائیک محمدمحفوظ شہید کے یوم شہادت کے موقع پر دن کا آغاز قرآن خوانی اور دعاؤں سے ہوا، علماء کرام نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 1971 کی پاک بھارت جنگ کے دوران واہگہ بارڈر پر لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلاخوف وخطر دشمن کی توپوں کو خاموش کرایا۔
لانس نائیک محمد محفوظ 25 اکتوبر 1944ء کو ضلع راولپنڈی کے علاقہ پنڈ ملکاں میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1962ء میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی۔
1971 کی جنگ میں بھارتی فوج کے شیلنگ سے محفوظ شہید کی مشین گن تباہ جبکہ دونوں ٹانگیں زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی فوج کے بنکر میں گھس کر دشمن کا مقابلہ کیا۔
محمد محفوظ شہید نے انڈین سپاہی کو گلے سے دبوچ لیا، مگر دوسرے فوجی نے ان پر خنجر کے وار کر کے شہید کر دیا۔ لانس نائیک محمد محفوظ کی بہادری کا اعتراف ہندوستانی فوجیوں نے بھی کیا۔ لانس نائیک شہید کو23 مارچ 1972 کو سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا اور ان کے گاوں پنڈ ملکاں کا نام بھی محفوظ آباد رکھ دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید کو ان کے 52 ویں یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  عالمی امن کی مخدوش صورتحال بین الاقوامی اداروں کی نااہلی ہے، فیصل بن فرحان