ایران کیساتھ مخاصمت

ایران کیساتھ مخاصمت بڑھانے کے خواہشمند نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ویب ڈیسک: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مخاصمت بڑھانے کے خواہش مند نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمسایہ ملک سے رابطے جاری رکھیں گے۔
پاک ایران کشیدہ صورتحال پر پریس بریفنگ دیتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا پاکستان چند سال سے ایران کو باربار دہشتگردوں کے بارے آگاہ کرتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے صوبے سیستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا۔
کارروائیوں میں متعدد دہشتگرد مارے گئے، دہشتگرد ایران کے حکومتی عمل داری سے باہرعلاقوں میں مقیم تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران ایک برادر ملک ہے اور پاکستانی عوام ایرانی عوام کیلئے بہت عزت اور محبت رکھتے ہیں۔
ہم نے ہمیشہ دہشتگردی کی لعنت سمیت مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے بات چیت اور تعاون پر زور دیا، آئندہ بھی مشترکہ حل تلاش کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان گذشتہ کئی ماہ سے ایران سے رابطے میں تھا۔
ایرانی حملوں کی پیشگی اطلاع پر ہمارا جواب ابسلیوٹلی ناٹ ہے، حملے ریاست ایران یا ایرانی فوج کیخلاف نہیں وہاں موجود دہشتگردوں کیخلاف تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاک ایران کشیدہ صورتحال کے پیش نظر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے دورہ ڈیووس مختصر کر کے وطن آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی جو کمپالہ یوگنڈا میں غیروابستہ تحریک کے اجلاس کیلئے موجود ہیں انہوں نے بھی اپنا دورہ مختصر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا ایران سمیت تمام ہمسایوں سے دہشتگردی کے تدارک کیلئے رابطے جاری رکھیں گے۔
مجھےابھی تک کسی تیسرے فریق کی طرف سے مصالحت کا علم نہیں اور ناہی ہمارے پاس زائرین کے پھنسے ہونے کی کوئی معلومات ہیں۔

مزید پڑھیں:  ویمنز ٹی 20 سیریز کا چوتھا میچ پاکستان کے نام، کیربینز کو 8 رنز سے شکست