الیکشن کمیشن

سرحدی کشیدگی کے باوجود انتخابات وقت پر ہونگے‘الیکشن کمیشن

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحدی کشیدگی کے باوجود ملک بھر میں عام انتخابات اپنے وقت 8فروری کو ہی ہوں گے ‘الیکشن کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے اور ایسی کوئی تجویز یا آپشن زیر غور نہیں کہ پاک ایران کشیدگی کی وجہ سے الیکشن کی تاریخ پر نظرثانی کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور 8 فروری کو الیکشن کرانے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔
رابطہ کرنے پر وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی یہ بتایا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک ایران کشیدگی سے انتخابات یا ان کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا، ان کی رائے تھی کہ دونوں ملکوں کے درمیان صورتحال میں کشیدگی کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ میڈیا کے کچھ حلقوں سمیت کچھ عناصر پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ایسے بہانے گھڑے جا سکیں جن کی وجہ سے الیکشن میں تاخیر ہو، تاہم انتخابات اپنے وقت پر 8 فروری کو ہوں گے۔
جب ان سے الیکشن کرانے کیلئے مطلوبہ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سوال کیا گیا تو وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو مطلوبہ سکیورٹی فراہم کرے گی تاکہ انتخابات پر امن انداز سے ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اب اعلانیہ تاریخ پر الیکشن کرانے کے معاملے میں کسی صورت پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

مزید پڑھیں:  گوادر،نامعلوم مسلح افراد کی رہائشی مکان میں فائرنگ، 7 افراد جاں بحق