ڈی آئی خان میں شہید 10پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

ویب ڈیسک :ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 10پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چودہدری ، آئی جی پی اخترحیات خان ، ڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان ناصر ستی، کمشنر ڈیرہ، سابق صوبائی وزرائ، ڈی پی او ڈیرہ ، اعلیٰ سول وفوجی حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کی‘ قومی پرچم میں لپٹے تابوت پر پھولوں کی چادر یں چڑھائی گئیں۔
آئی جی پی اخترحیات خان نے پولیس شہداءکی جرات و بہادری سے دہشت گردوں کا مقا بلہ کر نے کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ پر مرمٹنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔آئی جی پی نے کہا کہ دہشت گردوں کے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے پولیس فورس کے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
بعد میں وزیر اعلیٰ نے پولیس لائنز ڈیرہ میں قائم جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور پولنگ اسٹیشن کا دورہ کرکے وہاں پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

مزید پڑھیں:  حکومت وعدے ایفا کرے، مالاکنڈ کے عوام پر ٹیکس کا نفاذ زیادتی ہے، جنید اکبر خان