بیرسٹر سیف

وزیراعظم بننے کا نواز شریف کا خواب چکنا ہو چکا ہے ‘بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک :تحریک انصاف کے رہنماءبیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہو چکا ہے‘پریس کانفرنس میں پریشانی ان کے چہرے سے عیاں تھی۔
الیکشن میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف کے امیدواروں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بھرائی ہوئی آواز سے ہی ان کی خفت جھلک رہی تھی‘قائد ن لیگ اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ کر عوامی فیصلے کا احترام کریں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہو چکا ہے‘ اب جاگ جائیں‘تسلیم کر لیں کہ عوام نے آپ کو مسترد کر دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے سنجیدہ رہنما میاں صاحب کو مشورہ دیں کہ گریس کا مظاہرہ کریں‘جعلی وزیراعظم بن کر ذلت کا سودا نہ کریں۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ہاتھ پاوں باندھ کر الیکشن میں اتارا گیا‘الیکشن سے پہلے اور بعد میں مختلف سیٹس پر ہماری اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش ہورہی ہے۔
خیبرپختونخوا سمیت پورے پاکستان میں ہمیں اکثریت ملی‘ہمارے آزاد امیدوار مختلف نشانات کے باوجود بھی بڑے مارجن سے جیت گئے۔
جمہوریت کے دشمن تحریک انصاف کی فتح کو شکست میں بدلنے کیلئے بدترین دھاندلی کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  دفاتر کی منتقلی، پاک افغان سرحد طور خم 17 تا 19 مئی دن بند رہے گا