پی ٹی آئی کاایک بار پھر 9مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی نے ایک بار پھر 9مئی واقعات پر جوڈیشنل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے امریکی سفیر سے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، پہلے انتظار پنجھوتہ کو روکا گیا اور آج شیر افضل مروت کو اندر جانے نہیں دیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ کے حکم پر تسلی ہے، یقین ہے کہ کسی بھی پارٹی کو جیتی سیٹوں سے زیادہ سیٹیں نہیں دی جائیں گی اور ہمیں ہمیں انصاف ملے گا۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے نگران وزیراعظم انورالحق کاکڑ کے بیان پر بھی بات کی ہے، پہلی کمشنر راولپنڈی اور اب سابق نگران وزیراعظم نے فارم 47 کا اعتراف کیا ہے، ہم عدلیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کی درخواستوں پر سماعت ہو، باقی درخواستوں پر بھی بینچ بنائے تاکہ فیصلہ ہوسکے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو امریکی سفیر سے ملاقات کا بتایا ہے، بانی پی ٹی آئی نے امریکی سفیر سے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ہم 9 مئی کو پرامن احتجاج کریں گے، تمام ٹکٹ ہولڈرز شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کہا ہے؟ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بانی پی ٹی آئی کا مقصد ایسا نہیں تھا کہ امریکا سے تعلق خراب کرجائیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ ایک طرف آپ امریکیوں پر مداخلت کا الزام لگاتے اور دوسری طرف امریکی سفیر سے ملاقات کرتے ہیں اور انھیں شکایات لگاتے ہیں، اس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جہاں تک امریکی مداخلت کا تعلق ہے وہ معاملہ حکومتی سطح پر اٹھایا گیا تھا اس کا مقصد ہر گزیہ نہیں ہے کہ آپ امریکا جیسے ملک کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کریں، اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ ان کا سفیر یہاں پر روزانہ کے معاملات کو بھی ختم کرے، قائد حزب اختلاف سے ملاقات نہ کرے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس ملاقات میں عمر ایوب کے ساتھ اسد قیصر اور میں بھی شریک تھا، لیڈر آف اپوزیشن بھی ہماری جماعت سے ہیں، امریکی سفیر سے ملاقات کا سائفرمعاملہ سے کوئی تعلق نہیں۔
وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ 9 مئی ریاستی جبر سے شروع ہوا، عمران خان کو ریاستی اداروں نے اغوا کیا، تمام واقعات پر کہا گیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز خراب ہیں، آپ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز صرف بیڈ روم میں چلتی ہیں، اسٹیبلشمنٹ اور پی ڈی ایم نے 9 مئی کا ڈرامہ رچایا۔

مزید پڑھیں:  ترکیہ کے وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے