ہنگو، ٹل اور دوآبہ میں امن و امان کے حوالے سے گرینڈ جرگے کا انعقاد

ویب ڈیسک: تحصیل ٹل اور دوآبہ میں امن و امان کے حوالے سے ٹل سکاوٹس میں گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا۔
جرگے میں ٹل سکاوٹس کے کمانڈنٹ سخاوت حسین، ڈپٹی کمشنر ہنگو حیدر حسین، ڈی پی او ہنگو محمد خالد، میجرعادل سمیت ٹل، نریاب، دوآبہ، طورہ وڑی اور کربوغہ سمیت دیگر قوموں کے مشران اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔
کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس کا اس موقع پر کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے اپ سب کا تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فورسز کی طرف سے بھرپور تعاون کیا جائیگا۔
کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس کے مطابق حالیہ ہونے والے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ ان کی روک تھام کیلئے ہم سب پر فرض ہے کہ علاقے میں جرگے کے ذریعے معاملے حل کریں۔
گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوآبہ اور طورہ وڑی کے مشران کی خواہش ہے کہ امن و امان برقرار رہے۔ اس سلسلے میں مشران کی خدمات کو سراہتے ہیں۔
ڈی سی ہنگو حیدر حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ذاتی معاملات کو قومی رنگ نہیں دینا چاہیےا ور تمام مسائل آپس میں مل کر حل کرنے چاہئیں۔
ڈی پی او محمد خالد خان نے گرینڈ جرگہ میں بتایا کہ حالیہ دنوں میں پیش آنے والے واقعات میں بے گناہ لوگ شہید ہوئے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ علاقے کے امن و امان کسی صورت خراب نہیں ہونے دینگے۔
انہوں نے کہا کہ اسلحے کی نمائش کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی۔ اس پر ضلع بھر میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ تحصیل ٹل اور دوآبہ میں امن و آمان کیلئے گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مشران سمیت ٹل سکاوٹس کے کمانڈنٹ سخاوت حسین سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی.

مزید پڑھیں:  محکمہ خوراک کا ایکشن، سینکڑوں مردہ مرغیاں برآمد، سپلائر پابند سلاسل