تعلیم کارڈ اور شمسی بجلی جیسی

صوبہ میں تعلیم کارڈ اور شمسی بجلی جیسی متعدد سکیمیں جاری ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبہ میں تعلیم کارڈ اور شمسی بجلی جیسی متعدد سکیمیں جاری ہیں، صوبہ بھر میں ترقیاتی سکیموں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی ارسطو جسے مسلط کیا گیا کہہ رہا ہے اسی کے وژن پر چلتے ہوئے عوامی منصوبوں پر عمل ہو رہا ہے، وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور کے احکامات پر صوبہ میں تعلیم کارڈ اور شمسی بجلی جیسی متعدد سکیمیں جاری ہیں۔
مشیر اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر میں ترقیاتی سکیموں کا جال بچھا دیا، غریب طلبہ کی تعلیم کا مسئلہ حل کرتے ہوئے صوبہ میں تعلیم کارڈ کا اجرا کیا گیا جبکہ بجلی بلوں کی ادائیگی نہ کر سکنے والوں کیلئے فری شمسی سولر سسٹم لگانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ایک لاکھ مستحق خاندانوں کو شمسی بجلی فراہم کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ پر مفت علاج اور ادویات دی جا رہی ہیں جبکہ پنجاب اور وفاق میں مینڈیٹ چوروں کا ٹولہ صرف ٹک ٹاک اور گانے بنا رہا ہے، جبکہ دوسری طرف عوام رل رہی ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور ٹولہ صرف پٹواریوں اور تھانے داروں کے تبادلوں میں مصروف ہے، ان کی نظریں عوامی فلاحی کاموں کی بجائے صرف اسی سمت لگی ہوئی ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات کے مطابق لاہور کے ہسپتالوں میں مریض رل رہے ہیں، مہنگائی سے تنگ آ کر لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں، دوسری طرف مینڈیٹ چور ٹولہ عوام کو بھول کر جیولن تھرو کا کوچ بننے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ اور اس دوڑ میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کیلئے کوشاں ہیں۔

مزید پڑھیں:  آرٹیکل 63اے کی تشریح سے متعلق نظرثانی اپیلوں پر سماعت آج پھر ہوگی