طلبا کو اسمارٹ فونز

وزیراعظم کا 10لاکھ طلبا کو اسمارٹ فونز دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے رواں برس میرٹ پر 10لاکھ طلبا کو اسمارٹ فونز دینے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں عالمی یوم نوجوانان پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اے آئی آج کے دور میں تعلیم کا جدید ترین ہتھیار ہے اسی طرح آئی ٹی کی تعلیم بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کی تقدیربدل سکتی ہے، پاکستان کے نجوان انتہائی باصلاحیت ہیں، اگرنوجوانوں کو چین جیسے مواقع ملیں تو خوشحالی کا انقلاب لا سکتے ہیں۔
77 سال گزر گئے پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں تھی، افسوس ملک میں قرضوں کے پہاڑ ہیں، میں چین گیا اور دیکھا تو چین کی ترقی نے چودہ طبق روشن کردیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ دانش اسکول میں موجود بچوں کا تعلق غربت والے طبقے سے ہے، یہاں کروڑوں لوگ ایسے ہیں جنہیں بچیوں کی شادی کے لیے قرض لینا پڑتا ہے اور وہ اسے اتار نہیں پاتے دوسری جانب ایسے بھی لوگ ہیں جن کے ہاں شادیاں بیرون ملک ہوتی ہیں، یہاں مساوات نہیں یہ طبقاتی کشمکش ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اگر صحیح وسائل فراہم کیے تو وہ ملک کو ترقی یافتہ بنادیں گے، اسی لیے لیپ ٹاپ اسکیم جاری ہے، آج اعلان کرتا ہوں کہ دس لاکھ طلبا و طالبات کو میرٹ پر اسمارٹ فون فراہم کریں گے تاکہ وہ ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی طرح ایک ہزار گریجوٹ بچوں کو زراعت کی جدید تعلیم کے لیے چین بھیج رہا ہوں، آئی ٹی کے میدان میں ہواوے کمپنی سے معاہدہ کیا ہے وہ سالانہ دو لاکھ بچوں کو تربیت فراہم کرے گی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز کی بنیاد پر نوجوانوں کو اداروں کا مالک بنانے کی غرض سے بینکوں سے قرض دلوایا جائے گا بجٹ میں یہ پروگرام رکھا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے نیزہ بازی کے قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے پورے ہال کو تالیاں بجانے کا کہا جس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ انہوں نے ہال میں موجود ہاکی کے کھلاڑیوں سے بھی کہا کہ ہاکی کے کھیل کو دوبارہ سے واپس بلندیوں پر لانے کے لیے کام کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کے لیے اقدام کر رہے ہیں، 40 سال بعد پاکستان نے گولڈ میڈل جیتا، ارشد ندیم نے پاکستان کا نام بلند کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مایوسی کے اندھیروں کو دھکیل کر روشنیوں کی طرف جانا ہے، شبانہ روزمحنت کریں گے تو پاکستان عظیم ملک ضرور بنے گا۔

مزید پڑھیں:  7دن کیلئے میانوالی میں دفعہ 144 نافذ، رینجرز تعینات