پی ٹی آئی حکومت کے معاملات

پی ٹی آئی حکومت کے سارے معاملات فیض حمید چلاتے تھے، ندیم چن

ویب ڈیسک: پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں جنرل فیض حمید کی بہت اہمیت تھی، حکومت کے سارے معاملات وہی چلاتے تھے۔
ندیم افضل چن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدل کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں ، کہیں یہ تاثر نہ جائے کہ ایک مخصوص سوچ رکھنے والوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی کی حکومت لائی گئی تو اس میں جنرل فیض حمید کا کردار تھا جس پرہمارا اعتراض تھا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کسی بھی شخص یا پاک فوج کے افسر نے کوئی ایسا کام کیا ہو جس سے ادارے کو نقصان پہنچا ہو یا نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اگر کارروائی کرتی ہے تو اس سے ادارہ مضبوط ہوگا، کوئی اور ایسے کام کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے کر ان کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعات کے تحت مناسب انضباطی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  سوات کے عوام بدامنی کیخلاف سڑکوں پر آگئے،پولیس کا ساتھ دینے کا اعلان