ٹیلی کام آپریٹرز کا خط

انٹرنیٹ کی سست رفتاری،ٹیلی کام آپریٹرز کا وزیراعظم کو خط

ویب ڈیسک: ملک میں کام کرنے والی ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن نے انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے مسئلے پر وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھتے ہوئے مدد مانگ لی ۔
ٹیلی کام کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے سے انٹرنیٹ ٹریفک میں کمی، ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ حکومت کو بھی ریونیو کے نقصان کا سامنا ہے ۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کو ارسال کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کی سست رفتاری سے آئی ٹی فری لانسرز کے پراجیکٹس منسوخ ہو رہے ہیں، فری لانسنگ ویب سائٹ فیور نے پاکستان کے فری لانسرز پر پابندی عائد کردی ہے۔
ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن نے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی پر سنگین معاشی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی سے ملک کی جی ڈی پی کو نقصان ہو رہا ہے، انٹرنیٹ کی رفتار کا مسئلہ ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی کا بھی سبب بنے گا۔
انہوں نے خط میں کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف انٹرنیٹ میں خلل کی تکنیکی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے انٹرنیٹ کی رفتار بحال کرائیں۔
خط کے مطابق انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی سے ٹیلی کام سیکٹر بری طرح متاثر ہو رہا ہے، رفتار کم ہونے سے انٹرنیٹ ٹریفک میں 6400 ٹیرا بائٹ کمی واقع ہوئی ہے اور ٹیلی کام کمپنیوں کو سال میں 12 ارب روپے اور حکومت کو محصولات کی شکل میں 3 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔

مزید پڑھیں:  لوئر کوہستان میں حادثہ ،نائب امیر جماعت اسلامی باجوڑ 3ساتھیوں سمیت جاں بحق