سروسز چیفس خراج عقیدت

سروسز چیفس کا یوم دفاع کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت

ویب ڈیسک: یوم دفاع کے موقع پرسروسز چیفس نے 6ستمبر 1965کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے زبردست مشکلات کے خلاف بہادری سے مادر وطن کا دفاع کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یوم دفاع کے موقع پرچیئرمین چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے اپنے اپنے پیغام میں کہا کہ افواج پاکستان نے فیصلہ کن انداز میں دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے دشمن کی عزائم ناکام بناتے ہوئے ایک تاریخی فتح حاصل کی جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
1965 کی جنگ امید کی کرن تھی، جس نے مصیبت کے وقت قوم کیلئے عزم کی مثال قائم کی، آج ان شہدا کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1947 سے پاکستان کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ان کو بھی خراج تحسین جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی اور جنگ میں لازوال قربانیاں دیں، شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، ہم ان سابق فوجیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جو بہادری سے لڑے، ان سابق فوجیوں کی بہادری اور بے لوثی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج تمام خطرات اور چیلنجوں سے ملک کے دفاع کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں، ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ستمبر 1965 کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے وطن کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔
ہم اپنے تمام شہدا اور سابق فوجیوں کے خاندانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آئیے اس یوم دفاع اور شہدا کے موقع پر اپنے شہدا اور ہیروز کی یاد کو ملکر خراج عقیدت پیش کریں۔

مزید پڑھیں:  جاپان میں طالبہ نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اپنا سر منڈوالیا