این آر او ٹو قرار

شبلی فراز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو این آر او ٹو قرار دے دیا

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء سینیٹر شبلی فراز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو این آر او ٹو قرار دیتے ہوئے عوام میں لے جانے کا اعلان کیا ہے ۔
نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ یہ تو لوٹ کر چلے جاتے ہیں، ایسے قوانین سے عوام کی زندگی کو اجیرن بنایا جاتا ہے، آج چور سینہ تان کر اور شریف سرجھکا کر پھر رہا ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اس ٹولے نے غریبوں کا خون چوس لیا ہے، ہم اس کو جعلی پارلیمنٹ سمجھتے ہیں، الیکشن میں پاکستان کی سب سے بڑی جماعت پی ٹی آئی کو دیوار سے لگایا گیا، پی ٹی آئی سے انتخابی نشان چھین لیا گیا، لوگوں نے پھر بھی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، سب نے دیکھا الیکشن کے نتائج تبدیل کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فارم 47کے لوگ ہیں، یہ عوام کے حقیقی نمائندے نہیں، یہ ایسے قوانین بنائیں گے جن سے چوروں اور آئین شکنوں کو تحفظ ملے، یہ جعلی پارلیمنٹ بنائی گئی، یہ لوگ عوام کے حق میں کیا قانون سازی کریں گے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ سب نے دیکھا کس طرح سے فارم 47آیا، انتخابات میں تحریک انصاف کی خواتین اور سینئر قیادت کو ہراساں کیا گیا، یہ جو کل سینیٹ میں قانون پاس ہوا ہے پارلیمنٹیرینز تو ایسے قوانین پاس نہیں کرتے، پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتوں کے نمائندے عوام کے ہوتے ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ این آر او ٹو اب دوبارہ رائج ہوچکا ہے، پی ٹی آئی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی، 8ستمبر کو تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، اچھے ججز اپنی میعاد پوری کرکے شرافت اور عزت سے باہر جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ میں زیر تعمیردیوار گرنے سے ایک مزدور جاں بحق، 1زخمی