مولانا کو منانے کیلئے وفاق متحرک

مولانا کو منانے کیلئے وفاق متحرک، 4وزارتوں سمیت گورنر شپ کی پیشکش

ویب ڈیسک: اپوزیشن اتحاد توڑنے اور مولانا کو منانے کیلئے وفاق متحرک ہو گیا، اس حوالے سے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وفاق نے مولانا فضل الرحمان کو 4وزارتوں، گورنر شپ کی پیشکش سمیت بلوچستان حکومت کا حصہ بنانے کی آفر کی ہے۔
جے یو آئی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حکومتی وفد نے جمعیت کو وفاق میں 4 وزارتوں اور بلوچستان حکومت کا حصہ بننےکی پیش کش کی تھی مگر مولانا نے ناراضگی برقرار رکھتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ حکومت سازی سے قبل جے یو آئی کو نظر انداز کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اس وقت بھی حکومت میں شامل ہونے سے انکار نہیں کیا تھا بلکہ انہوں نے وزیراعظم سے فی الحال حکومت کاحصہ نہ بننےکا کہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے جے یو آئی کو 4 وزارتوں، بلوچستان حکومت کا حصہ بنانے اور گورنر خیبرپختونخوا کا عہدہ دینے کی پیشکش کی ہے۔ تاہم مولانا بدستور ناراض ہیں اور ان کا موقف وہی ہے کہ حکومت سازی سے قبل نظر انداز کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت بنانے کیلئے مشاورت ضروری ہوتی ہے، حکومت کسی اور کی ہے اور بدنامی سیاست دانوں کی ہو رہی ہے، ملک میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ اقلیتی حکومت ہے۔
ادھر مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر مولانا فضل الرحمان سے ہمارے مذاکرات ہوئے ہیں، 8 فروری الیکشن میں دھاندلی کے معاملے پر ہم اور مولانا ایک پیج پر تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی سربراہ جے یو آئی ف سے نہیں کہا کہ ہمارے پلیٹ فارم سے مشترکہ طور پر کچھ کریں، اس کے علاوہ جاری مذاکرات میں مولانا فضل الرحمان اور حکومت میں رابطے بنے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان سمجھتے ہیں کہ ان کا مفاد حکومت کی طرف ہے تو یہ ان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔
یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد توڑنے اور مولانا کو منانے کیلئے وفاق متحرک ہو گیا۔

مزید پڑھیں:  بجلی کمپنیوں کی نجکاری: احتجاج کے پیش نظر لازمی سروس ایکٹ نافذ