وفاقی اداروں میں خالی آسامیاں ختم

وفاقی اداروں میں خالی آسامیاں ختم، بیرون ملک علاج بند

ویب ڈیسک: حکومت کی جانب سے کفایت شعاری مہم جاری، اس دوران وفاقی اداروں میں خالی آسامیاں ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری اور سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج معالجہ کیلئے جان پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کا فیصلہ کرلیا اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے بچت کرنے کیلئے سرکلر جاری کردیا۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں میں تین سال سے خالی آسامیاں ختم ہو جائیں گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایک سال سے زائد عارضی بھرتیوں کے سوا کوئی نئی بھرتی نہیں ہوگی۔
جاری اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج پر بھی پابندی سمیت بیرونی دوروں اور تمام قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ایمبولنس، طبی امداد سے متعلق اور تعلیمی اداروں کیلئے بسوں کی خریداری پر استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہر قسم کی نئی مشینری اور آلات کی خریداری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم ہسپتالوں، لیبارٹریز، زراعت، سکولوں کےلیے مشینری اور آلات کی خریداری ہوسکے گی۔

مزید پڑھیں:  پوری حکومت مولانا کی ہاں یا ناں پر کھڑی ہے،حافظ حمد اللہ