اپوزیشن کا حصہ اور رہیں گے

اپوزیشن کا حصہ ہیں اور رہیں گے: فضل الرحمان نے واضح کردیا

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا ہے کہ ہم اپوزیشن کا حصہ اور رہیں گے ،حکومتی وجود اور اس کے اقدامات عوام کے مفادات سے متصادم ہیں ۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے سرلراہ مولانا فضل الرحمان سے سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے اہم ملاقات کی ہے ۔
مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پرگزشتہ دیرتک ملاقات جاری رہی جس میں سیاسی امور اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران محمد علی درانی نے اپنے سیاسی رابطوں سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ جے یو آئی اپوزیشن کاحصہ ہے اور رہے گی، آئین اورجمہوریت سے متصادم قانون سازی میں حکومت کسی اپوزیشن جماعت کی حمایت نہیں لے سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی وجود اور اس کے اقدامات عوام کے مفادات سے متصادم ہیں، ایسی حکومت کے ساتھ جانا عوام کے غیض و غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے، ہمیں صرف وہ اختیار چاہیے جو عوام نے دیا ہو۔
مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ عوام کا دیا اقتدار چاہیے لیکن آئندہ کسی کو مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیں گے۔
محمد علی درانی نے مولانا فضل الرحمان سے مکالمہ کیا کہ آپ تاریخ کی درست سمت میں کھڑے ہیں، آپ ہمیشہ سیاسی روایات اور جمہوری اقدار کیامین رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کی تھیں۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ انہیں یقین ہے مولانا فضل الرحمان انتشاری ٹولے کی سیاست مسترد کردیں گے، حکومت کوشش کرے گی کہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور ہوں۔

مزید پڑھیں:  بائیڈن اور کملا ملک کو تباہ کر رہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ